نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے تیسری بار اقتدار کی کمان سنبھالنے کے بعد اتوار کو ریڈیو پروگرام ‘من کی بات کے ذریعے 111ویں بار قوم سے خطاب کیا۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے پی ایم مودی کے ماہانہ ریڈیو پروگرام پر سوال اٹھائے ہیں۔ کھیڑا نے کہا کہ آج بھی وزیر اعظم نے اپنے ‘من کی بات پروگرام میں کوئی ڈھنگ کی بات نہیں کی۔ نہ تو انہوں نے نیٹ امتحان میں دھاندلی پر کچھ کہا، نہ ہی گھوٹالے پر کچھ کہا اور نہ ہی ریلوے حادثے پر کچھ کہا۔ وزیراعظم نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا کہ اس وقت پورا نظام کس طرح زوال کا شکار ہو رہا ہے۔
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے مودی کی ‘من کی بات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت تیسری بار بیساکھیوں پر اقتدار میں آئی ہے اور امید تھی کہ وہ ‘من کی بات میں کسی نہ کسی انداز میں بات کریں گے، لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا اور یہاں بھی عوامی مسائل غائب رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو ریل حادثات، ہوائی اڈے کی چھت گرنے، گھوٹالے اور معیشت کے گرنے جیسے مسائل پر بات کرنی چاہیے تھی۔ انہوں نے اس سلسلے میں کچھ نہیں کہا کہ ملک کے نوجوان اور عام شہری ان سے کیا سننا چاہتے ہیں۔