نئی دہلی : پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 3000 رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ رضوان نے یہ کارنامہ نیوزی لینڈ کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انجام دیا۔ 31 سالہ رضوان نے اس میچ میں 45 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔ رضوان نے 19واں رن مکمل کرتے ہی تاریخ رقم کی۔ رضوان کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 91 رنز کا ہدف 12.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔محمد رضوان نے 79 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اننگز میں 3000 رنز کا ہندسہ چھو لیا۔ اس دوران انہوں نے ہندوستان ٹیم کے سابق کپتان وراٹ کوہلی اور پاکستانی کپتان بابر اعظم کے ریکارڈز کو توڑ دیا۔ بابر اور وراٹ نے ایک ہی 81 اننگز میں 3000 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز مکمل کیے تھے۔ رضوان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 3000 یا اس سے زیادہ رنز بنانے والے مجموعی طور پر آٹھویں بلے باز ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ کوہلی کے نام ہے جنہوں نے 117 میچوں میں 4037 رنز بنائے ہیں۔
پاکستان کو 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی وجہ سے ضائع ہو گیا تھا۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں صرف 2 گیندیں پھینکی گئی تھیں ۔ اس کے بعد بارش کی وجہ سے میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ایک حیرت انگیز ریکارڈ بنا تھا۔ اس میچ میں بلے باز بیٹنگ کے لیے کریز پر اترے لیکن ان کے بلے سے رنز نہیں بنے۔ جو دو رنز بنے وہ بائی تھے۔ بین الاقوامی کرکٹ میں یہ پہلا میچ تھا جس میں بلے باز کے بلے سے ایک بھی رن نہیں نکلا۔