ریاض: سعودی عرب میں پولیس نے حکام کی اجازت کے بغیر حج کرنے کی کوشش کرنے والے 17 ہزار سے زیادہ لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے پیر کو جاری کردہ ایک رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔ ایس پی اے نے بتایا کہ سعودی سیکورٹی فورسز نے حج کے لیے ضروری قانونی منظوری کے بغیر سفر کر رہے تقریباً 17615 افراد کو حراست میں لیا ہے، ان میں سے 9509 کو رہائش، کام اور سرحدی حفاظت کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر حراست میں لیا گیا۔
ایجنسی نے بتایا کہ عقیدتمندوں کو بغیر اجازت حج کے مقامات پر لے جانے کے الزام میں دیگر 33 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ پچھلے ہفتے بیس لاکھ سے زیادہ لوگوں نے حج ادا کیا، جو مسلمانوں کے مقدس ترین شہر مکہ کا سالانہ اسلامی سفر ہے۔ ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب سعودی حکام نے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو حج کی اجازت دی۔