رانچی: جسٹس ایم ایس رام چندر راؤ نے بدھ کی صبح جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا۔ یہ تقریب ریاستی راج بھون میں منعقد ہوئی، جہاں جھارکھنڈ کے گورنر سنتوش کمار گنگوار نے انہیں عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ تقریب میں جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، اسمبلی کے اسپیکر رویندر ناتھ مہتو اور دیگر وزراء و اہم شخصیات نے شرکت کی۔جسٹس رام چندر راؤ جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے 16ویں چیف جسٹس ہیں۔ ان سے قبل جسٹس بی آر سارنگی 19 جولائی کو ریٹائر ہوئے تھے اور تب سے اس عہدے کی ذمہ داری کارگزار چیف جسٹس سوجیت نارائن پرساد سنبھال رہے تھے۔جسٹس ایم ایس رام چندر راؤ اس سے پہلے ہماچل پردیش کے چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کے جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں تبادلے کا نوٹیفکیشن 21 ستمبر کو حکومت ہند کی وزارت قانون و انصاف کی طرف سے جاری کی گئی تھی۔ جسٹس راؤ کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جس کے پاس قانون و انصاف کی بھرپور روایات ہیں۔ ان کے والد جسٹس ایم جگن ناتھ راؤ سپریم کورٹ کے جج تھے، جب کہ ان کے دادا بھی آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے جج رہے تھے۔