نئی دہلی : جموں وکشمیر میں جموں ڈویژن کے ضلع سانبا کی ضلعی انتظامیہ نے بین الاقوامی سرحد سے متصل علاقوں میں رات کا کرفیو نافذ کردیا ہے، تاکہ سرحدی سیکورٹی فورس کے دستوں کے علاقے پر بہتر کنٹرول کو یقینی بنایا جاسکے اور سرحد کے قریب کسی بھی غیرقانونی سرگرمیوں اور مذموم مقاصد کو ناکام بنایا جاسکے۔ سانبا کے ضلع مجسٹریٹ ابھیشیک شرما نے کہا ہے کہ فوجداری ضابطے کی دفعہ 144 کے تحت بین الاقوامی سرحد پر رات کا کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ حکم نامے کے مطابق سانبا ضلعے سے ایک کلو میٹر طویل پٹی میں رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک عام شہریوں کی آمدورفت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ آمدورفت ضروری ہونے کی صورت میں شہریوں کو بی ایس ایف اور پولیس حکام کو اپنا شناختی کارڈ پیش کرنا ہوگا اور جو بھی شخص مذکورہ حکم کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا گیا، اس سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ یہ حکم دو ماہ کیلئے نافذ العمل رہے گا۔