سڈنی :پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے خاتمےکے ساتھ ہی آسٹریلیا کے سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر نے اپنے ٹیسٹ کیریر کو الوداع کہہ دیا۔ آخری ٹیسٹ میچ کے بعد پاکستانی ٹیم نے ڈیوڈ وارنر کو ایک خاص تحفہ بھی دیا جس کو حاصل کر وہ بہت خوش ہوئے اور ’ماشاء اللہ‘ کہکر سب کا شکریہ ادا کیا ۔ پاکستانی کپتان شان مسعود نے میچ ختم ہونے کے بعد پریزنٹیشن تقریب کے دوران ڈیوڈ وارنر کو اسٹیج پر بلا کر بابر اعظم کی جرسی بطور تحفہ پیش کی۔ اس جرسی پر ٹیم کے سبھی کھلاڑیوں کے دستخط موجود تھے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان 3 ٹیسٹ میچ کی سیریز کھیلی گئی جس میں آسٹریلیا نے 0-3 سے فتح حاصل کی۔ ڈیوڈ وارنر نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد کرکٹ کے اس بڑے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔ یعنی ڈیوڈ وارنر کو آسٹریلیائی ٹیم نے جیت کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہنے کا بہترین موقع فراہم کر دیا۔ ڈیوڈ وارنر نے اپنے ٹیسٹ کی آخری اننگ میں شاندار نصف سنچری بنائی اور ٹیم کی جیت میں انتہائی اہم کردار نبھایا۔
قابل ذکر ہے کہ ڈیوڈ وارنر نے اپنے ٹیسٹ کیریر کا اختتام 8786 رنوں کے ساتھ کیا۔ انھوں نے یہ رن 112 ٹیسٹ کی 205 اننگز میں 44.59 کی اوسط سے بنائے۔ وارنر نے ٹیسٹ کیریر میں 26 سنچری اور 37 نصف سنچری لگائی۔ غور طلب ہے کہ ڈیوڈ وارنر نے پاکستان کے خلاف کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز کے دوران ہی وَنڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ یعنی اب وہ آسٹریلیا کے لیے صرف ٹی-20 کرکٹ کھیلتے ہوئے ہی نظر آئیں گے۔