لکھنو : اتر پردیش میں اپوزیشن جماعتوں نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کی تیاری شروع کردی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں میں نشستوں کے حوالے سے بھی بحث شروع ہوگئی ہے۔ راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) نے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سامنے 10 لوک سبھا سیٹوں کا مطالبہ کیا ہے، جس میں متھرا، ہاتھرس، مظفر نگر، باغپت جیسی سیٹیں شامل ہیں۔ آر ایل ڈی قیادت کا ماننا ہے کہ مغربی اتر پردیش میں آر ایل ڈی جتنی زیادہ سیٹوں پر مقابلہ کرے گی، اپوزیشن اتحاد کو اتنا ہی زیادہ فائدہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق سیٹوں کی تقسیم کے حوالے سے فارمولے کا فیصلہ نومبر تک کیا جائے گا۔
اسمبلی انتخابات میں 8 اور بعد میں کھتولی ضمنی انتخاب میں جیت کے بعد آر ایل ڈی کے کل 9 ایم ایل ایز اسمبلی میں ہیں۔ اس کارکردگی سے پرجوش آر ایل ڈی قیادت کا خیال ہے کہ اسے لوک سبھا انتخابات میں مغربی یوپی میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں ملنی چاہئیں۔ ذرائع کے مطابق آر ایل ڈی قیادت نے سیٹوں کا مطالبہ سماج وادی پارٹی قیادت کے سامنے رکھا ہے۔اس میں آر ایل ڈی نے ایس پی کے سامنے 10 سیٹوں کا مطالبہ کیا ہے، جس میں بلند شہر، میرٹھ، باغپت، نگینہ، مظفر نگر، کیرانہ، بجنور، سہارنپور، ہاتھرس اور متھرا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آر ایل ڈی فتح پور سیکری، علی گڑھ اور دیوریا سیٹوں پر بھی تیاری کر رہی ہے۔ اگر ان سیٹوں پر بھی اپوزیشن پارٹیوں میں اتفاق رائے ہو جاتا ہے تو آر ایل ڈی بھی ان سیٹوں پر الیکشن لڑنے کے لئے تیار ہے۔ذرائع کی مانیں تو اپوزیشن جماعتوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے حوالے سے فارمولے کو نومبر تک حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔ اس میں ایس پی، آر ایل ڈی اور کانگریس کے درمیان سیٹوں کی تعداد کا فیصلہ کیا جائے گا۔ آر ایل ڈی قیادت کا خیال ہے کہ مغربی یوپی میں آر ایل ڈی کو زیادہ سیٹیں دینے سے اپوزیشن اتحاد کو بڑا فائدہ ہوسکتا ہے۔