لکھنؤ: اتر پردیش میں راجیہ سبھا کی 10 سیٹیں خالی ہو رہی ہیں، جن کے لیے انتخابات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اگر ووٹنگ نہیں ہوتی تو یہ سات سیٹیں بی جے پی کے کھاتے میں اور تین سیٹیں سماج وادی پارٹی کے کھاتے میں جائیں گی۔ایس پی کے تینوں امیدواروں جیا بچن، رام جی لال سمن اور آلوک رنجن نے منگل کو اپنے پرچہ نامزدگی داخل کر دئے ۔ ان امیدواروں کی نامزدگی کے دوران ایس پی سربراہ اکھلیش یادو اور چچا شیو پال یادو بھی موجود تھے۔ اس سے پہلے سبھی لیڈر ایس پی آفس سے ایک کار میں ایک ساتھ اسمبلی پہنچے، جہاں انہوں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
راجیہ سبھا کے لیے نامزدگی داخل کرنے والوں میں آلوک رنجن کو اکھلیش یادو کے مشیر اور پردے کے پیچھے کے اہم حکمت عملی ساز قرار دئے جاتے ہیں۔ وہیں پارٹی رام جی لال سمن کے ذریعے دلت برادری کو راغب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یعنی اگر راجیہ سبھا انتخابات کے نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو اس الیکشن میں بھی پارٹی نے اپنے پی ڈی اے (پسماندہ، دلت، اقلیت ) فارمولے کو لاگو کیا ہے۔