پورنیہ :کانگریس کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کا آج سترہواں دن تھا۔آج 30 جنوری کی دوپہر پورنیہ میں کانگریس کی مہاریلی ہوئی جس میں راہل گاندھی کی حمایت کرنے لاکھوں کی بھیڑ جمع ہوئی۔ یہاں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کو بھی پہنچنا تھا، لیکن خراب موسم کی وجہ سے وہ سفر نہیں کر سکے۔ حالانکہ انھوں نے ایک ویڈیو پیغام ضرور جاری کیا جس میں موجودہ حالات اور بہار کی سیاست کے ساتھ ساتھ بھارت جوڑو نیائے یاترا کے تعلق سے اپنی بات عوام کے سامنے رکھی۔
ویڈیو پیغام میں کانگریس صدر نے نام لیے بغیر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’آج بہار میں موقع پرستی اور لالچ کی سیاست حاوی ہو گئی ہے۔ جو بہار دنیا کو روشنی دیتا تھا، اس کی پہچان اب آیا رام-گیا رام کی سیاسی تجربہ گاہ بن گئی ہے۔ کوئی رہے یا جائے، کانگریس اپنے اصولوں کو چھوڑنے والی نہیں ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’کانگریس پارٹی نے کسی کو دھوکہ نہیں دیا۔ کسی کو احترام دینے میں کمی نہیں رکھی۔ مہاگٹھ بندھن کی حکومت نے سالوں سے ٹھپ ترقیاتی سفر کو رفتار دینے کی کوشش کی، لیکن یہ بات مودی اور شاہ کو چبھ گئی۔ انھوں نے بہار میں عزت و وقار کے ساتھ کھلواڑ کیا۔