لکھنئو:اترپردیش میں ایودھیا میں پیر کو ہونے والی رام مندر کی عظیم الشان افتتاحی تقریب کیلئے تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نےکل شہر میں تیاریوں کا جائزہ لیا۔ بڑی تقریب سے قبل ایودھیا اور پوری ریاست میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ادھر ایودھیا میں شری رام جنم بھومی کمپلیکس میں رام للا کی مورتی کی پران پرتشٹھا کی رسومات، گیانیشور شاستری دراوڑ کی نگرانی میں جاری ہیں۔ آج بھی کئی رسومات ادا کی گئیں۔ یہ سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا اور پیر کے روز رام للا کی پران پرتشٹھا کی بڑی تقریب دن میں 12 بجکر 20 منٹ پر ہوگی۔
اِدھراطلاعات ونشریات محکمے کے سکریٹریاپوروا چندرا نے پران پرتشٹھا تقریب کے مدنظر آج ایودھیا میں میڈیا انتظامات اور صحت سے متعلق سہولیات کا جائزہ لیا۔ ایودھیا میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جناب چندرا نے کہا کہ شہر میں ایک میڈیا سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں ذرائع ابلاغ کے لوگوں کیلئے ہر طرح کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔سکریٹری موصوف نے یہ بھی کہا کہ اِس عظیم الشان تقریب کی خبریں دینے کیلئے قومی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے سیکڑوں صحافیوں کے ایودھیا پہنچنے کی امید ہے۔ جناب اپورواچندرا نے صحت سے متعلق سہولیات کا یہ کہتے ہوئے تذکرہ کیا کہ وہاں طبی سہولیات دن رات دستیاب رہیں گی۔