نئی دہلی :صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ ملک کو بااختیار بنانے کیلئے خواتین کی مساوی شمولیت ضروری ہے۔ اِسی طرح ملک کی معاشی اور سماجی ترقی کیلئے مردوں اور عورتوں دونوں کے برابر کے اشتراک کی ضرورت ہے۔ صدرجمہوریہ کل راجستھان کے ڈونگرپور ضلع میں بنیشور دھام میں لکھپتی دیدی سمّیلن سے خطاب کررہی تھیں۔
اپنی مدد آپ کرنے والے گروپوں کے ذریعہ خواتین کی زندگی میں تبدیلی لائے جانے کا تذکرہ کرتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہا کہ اپنی مدد آپ کرنے والے گروپ نہ صرف سرمایہ فراہم کرنے کے لئے کام کرتے ہیں بلکہ وہ انسانی سرمایہ اور سماجی سرمایہ پیدا کرنے کیلئے بھی قابل تعریف کام کررہے ہیں۔صدرجمہوریہ نے کہا کہ پردھان منتری ون دھن یوجنا کے ذریعہ قبائلی افراد کی بہبود کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
قبائلی علاقوں میں پانی اور سڑکوں سے متعلق بنیادی ڈھانچہ تیزی کے ساتھ بنایا جارہا ہے۔ اس موقع پر صدرجمہوریہ نے مہیلا نِدھی کے تحت 50 کروڑ روپے مالیت کے چیک اور خواتین کو ڈھائی سو کروڑ روپے مالیت کے قرضے بھی تقسیم کئے۔