نئی دہلی : گزشتہ 19 اپریل کو ملک کی 102 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے تھے، جن میں منی پور اندرونی اور منی پور باہری (کچھ حصہ) لوک سبھا سیٹوں کے لیے بھی ووٹنگ ہوئی تھی تاہم ووٹنگ کے دوران کئی مقامات سے تشدد اور ای وی ایم میں توڑ پھوڑ کی خبروں کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ منی پور کے 11 پولنگ مراکز پر 22 اپریل کو دوبارہ ووٹ ڈالے جائیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جن 11 پولنگ مراکز پر از سر نو ووٹنگ کرانے کا فیصلہ لیا گیا ہے، وہ سبھی منی پور اندرونی لوک سبھا سیٹ کے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ان پولنگ مراکز پر از سر نو ووٹنگ کی ہدایت دی تھی جس کے بعد منی پور کے چیف الیکٹورل افسر نے باضابطہ اس سلسلے میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ پولنگ مرکز کھرئی انتخابی حلقہ میں موئرنگ کمپو ساجیب اور تھونگم لیکائی، چھیتریگاؤ میں 4 اور امپھال مشرقی ضلع کے تھونگجو میں ایک اور اوریپوک میں 3 اور امپھال مغرب ضلع کے کونتھوجم میں ایک پولنگ مرکز ہیں جہاں از سر نو ووٹ ڈالے جائیں گے۔