گنگٹوک :سکّم کے وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ نے کہا ہے کہ ریاست میں بچاؤ کارروائی زور شور سے جاری ہے ۔ امدادی ٹیمیںخاص طور سے اِس بات کو یقینی بنانے کیلئے بھر پور کوشش کر رہی ہیں کہ بے گھر ہو جانے والے کنبوں کے لئے جلد از جلد رہائش کا بند وبست کیاجائے۔ وزیر اعلیٰ نے کل قدرتی آفت سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ تمانگ نے مرنے والوں کے کنبوں کے کیلئے چار چار لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ نے امدادی کیمپوں میں رہنے والے افراد کیلئے دو دو ہزار روپے کی فوری راحت کا بھی اعلان کیا ہے۔اِدھر مرکزی سرکار نے سکّم میں اچانک سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف وزارتوں پر مشتمل ایک مرکزی ٹیم تشکیل دی ہے۔
مرکزی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ یہ ٹیم جلد ہی ریاست کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گی اور اس کے جائزے کی بنیاد پر سکّم کیلئے مزید مرکزی امداد منظور کی جائے گی۔
مرکز نے سیلاب سے متاثرہ سکّم کیلئے قدرتی آفت کی صورتحال کے تعلق سے تقریباً 45 کروڑ روپے جاری کیے جانے کی بھی منظوری دی ہے۔ ریاست میں تباہ کن سیلاب آنے سے 26 افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ فوجی اہلکاروں سمیت 142 افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ دو ہزار 400 سے زیادہ افراد کو بچایا گیا ہے۔ ایک ہزار ایک سو سے زیادہ مکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔