مدینہ منورہ: گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز نے نائب گورنر شہزادہ سعود بن خالد الفیصل کے ہمراہ شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان نے عمرہ زائرین کو رمضان میں ایئرپورٹ پر پیش کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔شہزادہ سلمان بن سلطان نے مدینہ منورہ ہوائی اڈے پر آمد اور روانگی کے ہال کا جائزہ لیا اور وہاں آنے اور جانے والے زائرین کے حوالے سے معلومات بھی حاصل کیں۔
گورنر مدینہ کو بتایا گیا کہ رمضان کے دوران عمرہ زائرین کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ ان کا مدینہ منورہ آمد اور روانگی کا سفر خوشگوار رہے۔اس موقع پر گورنر مدینہ کے ہمراہ نائب گورنر مدینہ، گورنریٹ کے انڈر سیکریٹری برائے حج امور ڈاکٹر عید بن سالم التوم، محکمہ پاسپورٹ مدینہ ریجن کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل عبدالرحمن بن ھدیان البلوی اور دیگر اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔