بنگلورو: سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا کے پوتے پرجول ریونّا کا ایک تازہ بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے جانکاری دی ہے کہ وہ 31 مئی کو ایس آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔ فحش ویڈیو اور جنسی استحصال کے الزامات کا سامنا کر رہے ریونّا کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف سازش ہوئی ہے اور اس کی وجہ سے وہ ڈپریشن میں چلے گئے تھے۔ اب وہ 31 نئی کو ایس آئی ٹی کے سامنے حاضر ہوں گے اور معاملے کی تحقیقات میں ہر طرح کا تعاون کریں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پرجول ریونّا نے یکم مئی کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ’’پوچھ تاچھ میں شامل ہونے کے لیے میں بنگلورو میں نہیں ہوں۔ اس لیے میں نے اپنے وکیل کے ذریعہ سے سی آئی ڈی بنگلورو سے بات کی۔ جلد ہی سچائی سامنے آئے گی۔‘ ہاسن لوک سبھا سیٹ سے رکن پارلیمنٹ ریونّا پر جنسی استحصال، سیکس ویڈیو ریکارڈ کرنے، دھمکانے اور سازش تیار کرنے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اس معاملے میں ہنگامہ بڑھنے پر جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) نے انھیں پارٹی سے معطل کر دیا تھا۔
اپنے تازہ بیان میں ریونّا کا کہنا ہے کہ ’’میں 31 مئی کو ایس آئی ٹی کے سامنے آؤں گا۔ جب 26 اپریل کو انتخاب ہوئے تو میرے خلاف کوئی معاملہ نہیں تھا۔ کوئی ایس آئی ٹی نہیں بنائی گئی تھی۔ میرا بیرون ملک دورہ پہلے سے منصوبہ بند تھا۔ جب میں اپنے سفر پر تھا تو مجھے الزامات کے بارے میں پتہ چلا۔ راہل گاندھی اور کئی دیگر کانگریس لیڈران نے اس کے بارے میں اور میرے خلاف بات کرنی شروع کی۔ میرے خلاف سیاسی سازش تیار کی گئی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’31 مئی کو صبح 10 بجے ایس آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر جانکاری دوں گا۔ مجھے عدلیہ پر بھروسہ ہے۔