لکھنؤ: لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے بی جے پی امیدواروں کی پہلی فہرست جاری ہونے کے بعد اب جینت چودھری کی قیادت والی راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) نے بھی اتر پردیش کی دو لوک سبھا سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ آر ایل ڈی نے حال ہی میں باضابطہ طور پر این ڈی اے میں شمولیت اختیار کی تھی جس کے بعد اس نے اتحاد میں حاصل ہونے والی اپنے حصہ کی دونوں نشستوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اتر پردیش قانون ساز کونسل انتخابات کے لیے اتحاد میں دی گئی ایک سیٹ کے لیے بھی امیدوار کا اعلان کیا ہے۔آر ایل ڈی نے بجنور لوک سبھا سیٹ سے چندن چوہان کو امیدوار بنایا ہے اور راج کمار سانگوان کو باغپت سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ جبکہ آر ایل ڈی نے قانون ساز کونسل کے لیے یوگیش نوہار (چودھری) کو موقع دیا ہے۔ اس اعلان سے واضح ہےکہ جینت چودھری اور ان کی اہلیہ چارو الیکشن نہیں لڑیں گے۔