سری نگر:سچن تیندولکر ان دنوں کشمیر کے دورے پر ہیں۔ سچن اپنے کشمیر کے سفر سے کافی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ ہر روز نئے نئے ویڈیوز پوسٹ کررہے ہیں ، لوگوں سے ملاقات کررہے ہیں اور کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ اور ہاں، سچن اس بلے کی فیکٹری میں بھی گئے، جو کرکٹ کی دنیا میں بہت مشہور ہے۔
سچن تیندولکر نے 20 فروری کو فیس بک پر ویڈیو شیئر کیا۔ یہ ویڈیو فلائٹ سے ہی شوٹ کیا ہے۔ بیک گراؤنڈ میں سچن کے پسندیدہ کشور کمار کا گانا چل رہا ہے – کتنی خوبصورت یہ کشمیر ہے…. سچن کا کہنا ہے کہ ان کا کشمیر کا دورہ یادگار ہونے والا ہے۔سچن تیندولکر نے اگلے دن ایک اور ویڈیو شیئر کیا، جس میں وہ کشمیر ویلو سے بننے والے بلے کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ سچن بتاتے ہیں کہ ان کا پہلا بیٹ انہیں ان کی بڑی بہن نے دیا تھا۔ اس لیے وہ دیکھنا چاہتے تھے کہ یہ بیٹ کیسے بنتے ہیں۔ 21 فروری کو شیئر کئے گئے اس ویڈیو میں سچن تیندولکر کہتے ہیں کہ وہ بلے کی مرمت کر سکتے ہیں۔ جب وہ ٹور پر جاتے تھے تو ان کے پاس بیٹ کی مرمت کرنے کا سارا سامان ہوتا تھا۔