ممبئی: شیوسینا (یو بی ٹی) لیڈر سنجے راؤت نے جمعہ کو مہاراشٹر کابینہ میں تبدیلی کو لے کر بڑا دعویٰ کیا ہے۔ سنجے راؤت کا کہنا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے شیوسینا کے 4 اہم وزراء کو ہٹانے کو کہا ہے۔ تاہم، ان کے اس دعوے کو وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا نے مسترد کر دیا ہے۔
سنجے راؤت نے جمعہ کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ طویل انتظار کے بعد کابینہ کی توسیع پر ریاست میں سیاسی ‘دھماکہ’ ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا ’’امت شاہ نے وزیر اعلیٰ کو کابینہ میں تبدیلی کے لیے کچھ ہدایات دی ہیں۔ امت شاہ نے ہدایت دی ہے کہ کابینہ میں توسیع کے بعد شندے گروپ کے چوٹی کے چار وزراء کو ہٹا دیا جائے، مجھے ایسی اطلاع ملی ہے۔‘‘ دوسری جانب حکمراں شیو سینا کا کہنا ہے کہ سنجے راوت غیر ضروری طور پر دوسروں کے معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پچھلے 11 مہینوں سے ایکناتھ شندے- دیویندر فڑنویس کابینہ میں اپنے 19 ساتھیوں کے ساتھ ریاست چلا رہے ہیں۔ اب جلد ہی اس کابینہ میں توسیع ہونے جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاست میں کابینہ کی توسیع مختصر ہوگی۔ اس طرح کے احکامات شندے فڑنویس کو دہلی سے دیے گئے ہیں۔ کابینہ کی توسیع میں بی جے پی کے 6 اور شیوسینا کے 4 ممبران کو سیٹیں مل سکتی ہیں۔
بی جے پی کے 4 کابینی وزیر اور ان میں سے دو کو وزیر مملکت بنائے جانے کا امکان ہے اور شیوسینا سے دو کابینی وزیر اور دو وزیر مملکت بنائے جا سکتے ہیں۔ تاہم یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ باقی 13 خالی وزارتی عہدوں کو اکتوبر-نومبر کے درمیان پُر کیا جا سکتا ہے۔