نئی دہلی : لوک سبھا میں وزیٹر گیلری سے دو افرادکےکودنے اور ایوان میں دھواں پھیلانے کے معاملے کے ماسٹر مائنڈ بتائے جانے والے للت جھا نے جمعرات کی دیررات خود سپردگی کر دی ہے۔ یعنی پارلیمنٹ میں سیکورٹی کی خلاف ورزی کے تعلق سے جو 6 نام سامنے آئے تھے،سب کے سب پولیس کی گرفت میں آ چکے ہیں۔تاہم پانچویں ملزم وکی شرما اور اس کی بیوی کو پولیس نے پوچھ تاچھ کے بعد چھوڑ دیا ہے۔ وکی شرما اور اس کی بیوی اپنے گروگرام واقع رہائش پہنچ گئے ہیں۔ ان سے پانچوں ملزمین کے بارے میں پوچھ تاچھ کی گئی جو مبینہ طور پر ان کی رہائش پر ہی ٹھہرے تھے۔ دہلی پولیس کے مطابق ضرورت پڑنے پر وکی اور اس کی بیوی کو پوچھ تاچھ کے لیے پھر سے پولیس کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے مطابق دہلی پولیس نے جمعرات کی رات تقریباً ساڑھے دس بجے چھٹے اور کلیدی ملزم للت جھا کو گرفتار کیا۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ للت جھا خود تھانے پہنچا تھا جہاں گرفتار کر اس سے پوچھ تاچھ شروع ہو گئی ہے۔ للت جھا کی تلاش میں پولیس جگہ جگہ چھاپہ ماری کر رہی تھی۔ کچھ خبروں میں بتایا جا رہا تھا کہ وہ راجستھان میں کہیں چھپا بیٹھا ہے، لیکن پولیس نے اسے دہلی سے گرفتار کیا ہے۔
اس سے قبل پارلیمنٹ سیکورٹی میں سیندھ لگانے کے سنسنی خیز واقعہ میں گرفتار ملزمین ساگر شرما، منورنجن ڈی، نیلم ورما اور امول شندے کو دہلی پولیس نے پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج ہردیپ کور کے سامنے پیش کیا۔ دہلی پولیس نے ملزمین کے خلاف غیر قانونی سرگرمی (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے اور سیکورٹی میں ہوئی چوک سے متعلق جانچ کر رہی ہے۔ عدالت نے تمام ملزمین کو 7 دنوں کے لیے پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔