بجنور: یوپی کے بجنور ضلع کے دھام پور قصبے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں برقع میں ملبوس ایک لڑکی اور ایک عمر رسیدہ خاتون موٹر سائیکل پر نوجوان کے پیچھے ہیںاور ہولی کھیلنے میں مصروف کچھ نوجوان ان لوگوں کو راستے میں روک رہے ہیں اور زبردستی گیلے رنگ ان پر ڈال رہے ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان کے چہرے پر پہلے رنگ زبردستی لگایا جارہا ہے۔بجنور پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر کے 4 لوگوں کو گرفتار کیا ہے، جن میں سے 3 نابالغ ہیں۔ بجنور پولیس نے اس کارروائی کی اتوار کو جانکاری دی ہے۔یہ واقعہ سنیچر کا بتا یا جاتا ہے ۔
ہفتہ کو ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بجنور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نیرج جادون نے کہا تھاکہ بجنور پولیس نے آج صبح سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والہ ایک ویڈیو کا نوٹس لیا ہے۔ اس وائرل ویڈیو میں کچھ لوگ ایک بائک کو روک کر اس پر سوار لوگوں کو پریشان کر رہے ہیں اور زبردستی ان پر رنگ ڈال رہے ہیں۔ بجنور پولیس ان لوگوں کی شناخت کر رہی ہے۔ سی او دھام پور کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متاثرہ خاندان سے بات کریں، شکایت لیں اور مقدمہ درج کریں۔پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ دھام پور سروم سنگھ نے بی بی سی کو بتایاکہ اس معاملے میں موٹر سائیکل پر سوار متاثرہ کے خاندان کی شناخت کر لی گئی ہے۔ اس خاندان کا تعلق دھام پور تھانہ علاقے کے گاؤں جمال پور سے ہے۔ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پچھلے سال بھی دھام پور میں بھگت سنگھ چوک علاقے میں کچھ مسلم خواتین پر رنگین غبارے پھینکنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ اس ویڈیو کو کئی سیاستدانوں نے بھی فیس بک پر شیئر کیا تھا۔