چینئی: شہر کے مادھاورم علاقہ میں فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے پروٹین پاؤڈر فروخت کرنے والی ایک دکان کو سیل کردیا جہاں مبینہ طور پر انسانی دودھ فروخت کیا جارہا تھا۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ دکان کا مالک جس کے پاس پروٹین پاؤڈر بیچنے کا لائسنس ہے، مبینہ طور پر انسانی دودھ پانچ سو روپے فی بوتل(50ایم ایل) فروخت کررہا تھا۔
سنٹرل لائسنسنگ اتھاریٹی کو گزشتہ ہفتہ یہ شکایت موصول ہوئی تھی کہ مادھاورم میں ایک دکان پر انسانی دودھ فروخت کیا جارہا ہے جس کے بعد دکان پر کئے گئے دھاوے کے دوران ماں کے دودھ کی 50 بوتلیں ضبط کی گئیں۔عہدیدار نے بتایا کہ ہم نے بوتلوں میں انسانی دودھ ذخیرہ کیا ہوا پایا۔ اس کے نمونے تجزیہ کے لئے لیباریٹری بھیجے گئے ہیں۔ حکام نے دھاوے کے دوران عطیہ دینے والوں کے فون نمبر بھی پائے۔ڈسٹرکٹ فوڈ سیفٹی آفیسر نے بتایا کہ ہم نے دکان کو سیل کردیا ہے اور خلاف ورزی کے سلسلہ میں کارروائی کریں گے۔ چینائی میں پہلی طور پر مبینہ طور پر ماں کا دودھ فروخت کیا جارہا ہے۔کرناٹک میں انسانی دودھ کی فروخت پر امتناع عائد کئے جانے کے کچھ ہی عرصہ بعد یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ بعدازاں دکان کے مالک نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ خدمت کے جذبہ کے تحت ماں کا دودھ حاصل کررہا تھا۔