نئی دہلی: کانگریس کے رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے اپنی امریکہ میں کی گئی تقریر کے حوالے سے بی جے پی کی جانب سے عائد کردہ الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’بی جے پی میرے امریکہ میں کیے گئے بیانات کے بارے میں جھوٹ پھیلا رہی ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے ایکس پر پوسٹ میں اپنی تقریر کی ویڈیو کلپ کو بھی شیئر کیا ہے۔
راہل گاندھی نے واضح کیا، ’’میں ہندوستان اور بیرون ملک کے ہر سکھ بھائی اور بہن سے پوچھنا چاہتا ہوں، کیا میری باتوں میں کچھ غلط کہا ہے؟ کیا ہندوستان ایک ایسا ملک نہیں ہونا چاہیے جہاں ہر سکھ اور ہر ہندوستانی اپنے مذہب پر بغیر کسی خوف کے آزادانہ طور پر عمل کر سکے؟‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’بی جے پی ہمیشہ کی طرح جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے۔ وہ مجھے خاموش کرنے کے لیے بے چین ہیں کیونکہ وہ سچ برداشت نہیں کر سکتے۔ لیکن میں ہمیشہ تنوع میں اتحاد، برابری، اور محبت کے اقدار کے لیے آواز اٹھاؤں گا جو ہندوستان کی شناخت ہیں۔