کوچی :کیرالا کی کوچی یونیورسٹی میں ہفتہ کے روز ایک تقریب کے دوران بھگدڑ مچ گئی جس میں 4 طلبا کی موت ہو گئی اور کئی درجن طالب علم زخمی بھی ہوگئے۔ وزیر صحت وینا جارج نے کہا کہ یہ حادثہ یونیورسٹی کی سالانہ تقریب کے دوران ہوا۔ میڈیا کو انھوں نے بتایا کہ کلامسیری میڈیکل کالج میں 4 لوگوں کی نعشیں ملی ہیں۔میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ حادثہ کے وقت گلوکارہ نکیتا گاندھی اپنا پرفارمنس پیش کر رہی تھیں۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے بتایا کہ بھگدڑ اس وقت شروع ہوئی جب اچانک بارش ہونے لگی۔
انھوں نے کہا کہ یہ کنسرٹ جمعہ کے روز شروع ہوا تھا۔ آج بھی کئی پروگرام ہونے تھے۔ آج موسیقی کا پروگرام چل رہا تھا جب بھگدڑ مچی۔ دراصل پڑوسی کالجوں کے طلبا بھی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔ بھیڑ بہت زیادہ ہو گئی۔ تقریباً 2000 لوگ جمع ہو گئے اور وہ سیڑھیوں پر دوڑنے لگے۔کوچی نگر کونسلر پرمود نے کہا کہ ایک ہی دروازہ سے انٹری اور ایگزٹ کے سبب بھگدڑ مچی۔ اس حادثہ میں دو لڑکوں اور دو لڑکیوں کی موت ہو چکی جبکہ 60 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔