مسقط :خلیجی ملک سلطنت عمان میں طوفانی بارش کی وجہ سے سیلاب آگیا۔ 12 طلبہ سمیت 18 افراد جاں بحق ہوگئے۔ بڑی تعداد میں لوگ سیلاب میں بہہ کر لاپتہ ہوگئے، امدادی ٹیموں نے تلاش شروع کردی۔ سوشل میڈیا ویب سائٹس پر سیلاب کے خوفناک مناظر کی بھرمار ہے۔ سیلاب کاروں، درختوں اور راستے میں موجود ہر چیز کو بہا لے گیا۔ حکام کے مطابق خلیجی ملک میں اتوار سے ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں زیادہ تر طالب علم تھے۔نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ سسٹم نے اتوار کی شام عمان نیوز ایجنسی کے ذریعہ جاری کردہ ایک بیان میں بتایا کہ 12 افراد کی موت ان کی گاڑیوں کے اندر گرنے کے نتیجے میں ہوئی۔ ان میں سے دو شہری اور ایک غیر ملکی کے علاوہ نو طالب علم بھی شامل ہیں۔ دارالحکومت مسقط سے 150 کلومیٹر دور شمالی الشرقیہ گورنریٹ میں پانی نے تباہی مچا دی۔ پیر کو تین افراد اور ایک بچے کی لاشیں ملی ہیں۔امارات کے وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد نے ’’ایکس‘‘ پر کہا کہ سلطنت عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے عمان کے عوام اور اسکول کے طلباء کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کے بعد سے ملک میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشیں اور تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ پیر کے روز زیادہ تر گورنریٹس میں سرکاری اور نجی اسکول بند رہے۔