ملاپورم: اس ہفتے کے شروع میں کیرالہ کے ملاپورم ضلع کے تھروولی پنچایت کے ناڈوتھ میں ایک پوسٹ گریجویٹ طالب علم کی نپاہ وائرس سے موت ہوگئی۔ اس کی تصدیق ریاستی وزیر صحت وینا جارج نے اتوار کو کی۔
بنگلورو کے آچاریہ کالج کے 24 سالہ ایم ایس سی طالب علم کی 9 ستمبر کو پیرینتھلمنا کے ای ایم ایس میڈیکل کالج اسپتال میں موت ہوگئی۔ پونے سے موصول ہونے والی ٹیسٹ رپورٹس میں ان کے نپاہ وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
محترمہ جارج نے کہا کہ انفیکشن کے خطرے سے دوچار افراد سے رابطہ کرنے اور ان کا پتہ لگانے کی کوششیں آخری مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 151 افراد بنیادی رابطہ فہرست میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی (این آئی وی)، پونے سے اتوار کو موصول ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج نے اس بات کی تصدیق کی کہ طالب علم نپاہ وائرس سے متاثر تھا۔
جارج نے ہفتہ کو ایک ہنگامی میٹنگ بلائی تھی تاکہ نپاہ پروٹوکول کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔ جس کے بعد ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام نے احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں۔ طالب علم کے رشتہ داروں اور قریبی دوستوں سمیت 26 افراد کی ابتدائی اور ثانوی رابطہ فہرست تیار کی گئی ہے۔
ترووالی گرام پنچایت کے صدر کے رمن کٹی نے کہا ہے کہ ترووالی پنچایت میں ماسک پہننے سمیت سخت نپاہ پروٹوکول پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ بخار سے متاثرہ افراد سے متعلق ڈور ٹو ڈور ڈیٹا اکٹھا کرنے کا کام جاری ہے۔
واضح رہے کہ 2018 کے بعد سے ریاست میں نپاہ وائرس کا یہ چھٹا وبا ہے۔ اس کی وجہ سے ریاست میں گزشتہ چھ سالوں میں 22 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔