نئی دہلی : چنڈی گڑھ کے میئر انتخابات کے دوران بیلٹ پیپرز سے چھیڑ چھاڑ کے معاملے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے پیر کو کہا کہ ریٹرننگ آفیسر انیل مسیح کے خلاف مقدمہ چلایا جانا چاہئے۔ الیکشن آفیسر پر سخت تبصرہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا کہ آفیسر نے تسلیم کیا کہ اس نے بیلٹ پیپرز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی ہے اور اس کے لئے ان کے خلاف مقدمہ چلایا جانا چاہئے۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے تین کونسلروں کے بی جے پی میں شامل ہونے کے ایک دن بعد میئر کے انتخاب میں مبینہ بے ضابطگیوں پر ایک عرضی کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ “ہارس ٹریڈنگ” ایک سنگین معاملہ ہے۔
الیکشن آفیسر پر سخت تبصرہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا کہ آفیسر نے تسلیم کیا کہ اس نے بیلٹ پیپرز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی ہے اور اس کے لئے اس کے خلاف مقدمہ چلایا جانا چاہئے۔ جیسے ہی چندی گڑھ کے میئر کے انتخاب سے متعلق سماعت شروع ہوئی، سپریم کورٹ نے کہا کہ میئر نے استعفیٰ دے دیا ہے، جس کے بعدعام آدمی پارٹی نے کہا کہ ریٹرننگ آفیسر نے جن بیلٹ پر نشان لگائے ، انہیں صحیح مانتے ہوئے گنتی کی جائے۔ سالیسٹر جنرل نے کہا کہ پہلے دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔عدالت نے بیلٹ پیپرز کو منگل کو جانچ کے لئے اپنے پاس لانے کیلئے کہا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ تجویز دینے کے بعد کہ نئے انتخابات کرانے کی بجائے ووٹوں کی گنتی نئے ریٹرننگ آفیسر کے ذریعے کی جانی چاہئے، عدالت نے کہا کہ وہ بیلٹ پیپرز کی جانچ کے بعد اس معاملے پر فیصلہ کرے گی۔