نئی دہلی :ہندوستان کے شمالی علاقوں میں جہاں تیز دھوپ اور لو سے لوگ بے حال ہیں، وہیں جنوبی ہند کے علاقوں میں موسلادھار بارش نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ شمالی ہند میں مانسون کے آنے میں ابھی تاخیر ہے۔ محکمہ موسمیات نے تو شمال مغربی ہند کے لیے ریڈ الرٹ اور کیرالہ کے کچھ اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔کیرالہ میں مانسون سے قبل کی سرگرمیوں نے تباہی مچا رکھی ہے۔ کیرالہ کے کئی اضلاع میں درمیانہ سے تیز بارش ہو رہی ہے۔ کیرالہ کے سات اضلاع کے لیے محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ یہ اضلاع ہیں ترووننت پورم، کولم، الپوجھا، ایرناکولم، کوزیکوڈ، کنور اور کاسرگوڈ۔ ان اضلاع میں 6 سے 11 سنٹی میٹر بارش کا الرٹ ہے۔ انڈمان نکوبار میں بھی شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کیرالہ کے کابینہ وزیر کے. راجن نے بتایا کہ 9 سے 23 مئی تک ریاست میں بارش سے متعلق سرگرمیوں میں 11 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ اس میں 6 افراد ڈوبنے سے، ایک گھر گرنے سے، تو وہیں دو افراد بجلی گرنے سے ہلاک ہوئے ہیں۔ ہفتہ کے روز زوردار بارش کا الرٹ جاری کرنے کے ساتھ محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو سمندر میں نہ اترنے کی تنبیہ کی ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ چھٹیوں کے دوران وہ اپنے بچوں کو تالاب یا ندیوں کے پاس نہ جانے دیں۔ انھوں نے بتایا کہ مقامی انتظامیہ، فائر بریگیڈ، پولیس اور ریونیو محکمہ ایمرجنسی حالات کے لیے الرٹ پر ہیں۔ این ڈی آر ایف کی دو ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔