اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ ایک تیز رفتار روڈ ویز بس نے بائیک کو زوردار ٹکر مار دی جس کی وجہ سے جائے وقوع پر ہی دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ مزید دو لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لئے اسپتال لے جایا گیا ہے۔ اس حادثہ کے بعد مقامی لوگوں نے غصہ میں آ کر بس کو آگ کے حوالے کر دیا۔یہ اندوہناک حادثہ کوتوالی علاقہ کے سیتاپور روڈ واقع جل نگم کے قریب پیش آیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پر فائر بریگیڈ کی گاڑی آئی اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دی۔ اس کوشش کے باوجود بس پوری طرح سے جل کر خاک ہو گئی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ گنیش ساہا نے اس حادثہ کے بارے میں رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایک روڈ ویز کی بس آ رہی تھی جب ایک بائیک سوار نے روڈ کراس کرنے کی کوشش کی۔ نتیجہ کار یہ حادثہ پیش آیا۔
گنیش ساہا کا کہنا ہے کہ اس حادثہ کے بعد کچھ مقامی لوگ ناراض ہو گئے اور بس کو نذر آتش کر دیا۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی گاڑی نے آگ پر قابو پا لیا ہے اور بس کو راستے سے ہٹایا جا رہا ہے۔ اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ یہ حادثہ بہت افسوسناک ہے۔ مستقبل میں ایسا حادثہ نہ ہو اس کے لئے ہم لوگ اپنے طور پر پوری کوشش کر رہے ہیں۔ جائے وقوع پر حالات قابو میں ہے اور ٹریفک بھی بحال کر دی گئی ہے۔