پریاگ راج: پریاگ راج میں، گنگا اور جمنا دونوں ندیوں میں ایک بار پھر پانی بڑھ گیا ہے ۔ دونوں دریاؤں کے پانی کی سطح میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔ سنگم شہر میں گنگا پانچ سنٹی میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اور جمنا تیرہ سنٹی میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہی ہے۔ دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھنے سے نشیبی علاقوں میں رہنے والوں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر محفوظ ٹھکانے کی تلاش شروع کر دی ہے۔
تاہم دریاؤں کے پانی کی سطح میں اضافے کے باوجود پانی تاحال رہائشی بستیوں میں داخل نہیں ہوا۔ دریاؤں کے پانی کی سطح میں اضافے کے بعد انتظامیہ نے ایک بار پھر ایلرٹ جاری کر دیا ہے۔ فلڈ ریلیف پوسٹوں کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔ لوگ گھاٹ کی سیڑھیوں پر گنگا میں نہا رہے ہیں۔ سنگم کی طرف جانے والی سڑکیں سیلابی پانی میں ڈوب گئی ہیں۔ دریاؤں کے پانی کی سطح میں تیزی سے اضافے کے باعث کشتیوں کے چلانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔