دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی بیوی سیما سسودیا کی ایک بار پھر طبیعت بگڑ گئی ہے۔ انھیں علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا ہے۔ حالانکہ ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ انھیں کون سے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جب سیما سسودیا کی طبیعت بگڑی تو وہ اپنے گھر پر تھیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 25 اپریل کو بھی سیما کی طبیعت خراب ہو گئی تھی۔ اس وقت انھیں اپولو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ سیما طویل مدت سے ملٹیپل اسکیلوریسس بیماری سے متاثر ہیں۔ منیش سسودیا کے جیل اور بیٹے کے پڑھائی کے مقصد سے بیرون ملک جانے کے بعد وہ گھر میں تنہا رہتی ہیں۔ اس وجہ سے وہ تناؤ میں رہتی ہیں۔
اُس وقت سیما سسودیا کا علاج کر رہے ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ ملٹیپل اسکیلوریسس کی بیماری میں مریض کے دماغ کا جسم پر سے کنٹرول گھٹتا چلا جاتا ہے۔ سیما میں بھی ایسی ہی علامتیں دکھائی دے رہی ہیں۔ اس بیماری کے سبب ان کے جسم کی نصف صلاحیت متاثر ہے۔ اس کی وجہ سے ان کو چلنے یا بیٹھنے میں بھی کافی پریشانی ہو رہی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق مریض کی جسمانی حالت کو دیکھتے ہوئے انھیں مستقل طور سے فیزیوتھراپی اور دوائیوں کی ضرورت ہے تاکہ بیماری کی علامت اور اثر کو کم کیا جا سکے۔ ایسے میں ان کو مستقل علاج اور معائنہ کی ضرورت ہے۔