کولکاتہ: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے چہارشنبہ کو مبینہ پی ڈی ایس گھوٹالہ میں مغربی بنگال کے ضلع شمالی 24 پرگنہ کے سندیشکھلی میں ترنمول کانگریس لیڈر شاہجہان شیخ کے گھر پر چھاپے مارے ۔گذشتہ 5 جنوری کو ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارنے کے لیے آنے والے ای ڈی کے اہلکاروں پر ان کے حامیوں کے ذریعہ حملہ کرنے کے واقعہ کے 19 دن بعد آج پھر سے یہ کارروائی شروع کی گئی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ای ڈی کے اہلکار کلید مرمت کرنے والے کو ساتھ لے گئے ، جس نے جلدی سے دروازہ کھول دیا اور وہ تلاشی لینے گھر میں داخل ہوئے اور تلاشی جاری ہے۔ سنٹرل ریزرو پولس فورس کے افسران اور سپاہی بھی سکیورٹی کے لیے ان کے ساتھ ہیں۔ ای ڈی نے سرچ آپریشن کے دوران دو مقامی لوگوں کو بھی گواہ کے طور پر لیا ہے ۔ای ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ 20 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے مبینہ راشن گھوٹالے سے حاصل ہونے والی رقم کا ایک حصہ بنگلہ دیش اور دیگر ممالک میں منتقل کیا گیا ہے ۔