ممبئی :قومی کونسل برائے فروغِ اردو کے زیر اہتمام اور انجمن اسلام کے اشتراک سے منعقدہ چھبیسواں اردو کتاب میلہ نہایت کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور بڑی تعداد میں شائقین میلے میں آکر اپنی پسندیدہ کتابیں خرید رہے ہیں۔ کل میلے کے دوسرے دن تین اہم پروگراموں کا بھی انعقاد عمل میں آیا جن میں سے ایک آن لائن ٹیچنگ اور اردو ذریعہ تعلیم کے عنوان سے بھی تھا جبکہ تیسرے پروگرام میں کردار آرٹ اکیڈمی نے معروف شاعر ساحر لدھیانوی کی زندگی پر مبنی داستان ساحر پیش کی جسے سامعین نے خوب پسند کیا۔ اس کے اسکرپٹ ڈزائنر ہدایت کاراور داستان گو اقبال نیازی تھے۔یو این آئی کی خبر کے مطابق آن لائن ٹیچنگ کا اہتمام کونسل و انجمن اسلام کے تعاون سے آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن نے کیا تھا۔ پروگرام کے آغاز میں آئیٹا کے صدر سید شریف نے آئیٹا کی کارگزاری پیش کی جبکہ ہیڈ ماسٹرز اسوسی ایشن کے سربراہ عبدالرحمن نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنس کے ریسرچر صداقت فقیہ ملا نے ٹکنالوجی مربوط تعلیم و تعلم امکانات اور زاویے کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ صدی میں ہم ٹکنالوجی سے گھرے ہوئے ہیں ایسے میں یہ ہمیں طے کرنا ہے کہ ہم ٹکنالوجی کو تعلیم و تعلم کے لیے مثبت طریقے سے کیسے استعمال کر سکتے ہیں، اس حوالے سے انھوں نے مختلف کارگر طریقوں کی نشان دہی بھی کی۔ رئیس ہائی اسکول اینڈ جونئر کالج کے پرنسپل ضیاء الرحمن نے اپنی تقریر میں آن لائن تعلیم کے سلسلے میں کچھ اصولی باتوں پر توجہ دلائی اور خصوصا اردو زبان میں آن لائن تعلیم کی گزشتہ پچیس سالہ تاریخ اور موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالی۔
انھوں نے ٹکنالوجی کے استعمال کے ساتھ جدید طریقہ تدریس کو اپنانے پر زور دیا۔ آئن لائن ٹیچنگ میں تناؤ پر قابو پانے کے طریقوں پر ڈاکٹر آصف صدیقی نے گفتگو کی۔ انھوں نے کہا کہ سٹریس کو کم کرنے کے لیے روزانہ ورزش کا معمول ہونا چاہیے اور اپنے آپ کو جسمانی سرگرمیوں میں بھی مشغول رکھنا چاہیے ۔مہاراشٹر سرکار کے محکمہ تعلیم میں اعلیٰ افسر بھنڈارے جی نے بھی اس موقعے پر اظہار خیال کیا اور نئی نسل کے لیے کتابوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے والدین اور سرپرستوں سے کہا کہ بچوں کو اپنی نگرانی میں جدید ٹکنالوجی کے استعمال کا طریقہ سکھائیں۔ پروگرام کے صدر انڈین سینٹر آف اسلامک فائنانس دہلی کے جنرل سکریٹری ایچ عبدالرقیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں نفع بخش علوم کے حصول کا ہر طریقہ اپنانا چاہیے اور دور جدید کے تقاضوں کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے ۔ اس موقعے پر مہاراشٹر کے مختلف اسکولوں کے تیس سے زائد اساتذہ کو کورونا اور لاک ڈاؤن کے دوران جدید ٹکنالوجی استعمال کرکے تعلیم و تدریس کا فریضہ انجام دینے پر مہمانوں کے ذریعے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔
اس مجلس کی نظامت فہیم مومن نے کی۔ دوسرا سیشن علماء اردو ادب کو تعاون کے عنوان سے منعقد ہوا جس کا اہتمام ممبئی کے معروف تعلیمی اداره مركز المعارف نے کیا تھا۔ اس سیشن کی نظامت مفتی جسیم الدین قاسمی نے کی ۔مذاکرے میں حصہ لیتے ہوئے مولانا برہان الدین قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو زبان و ادب کے فروغ میں جہاں عصری دانش گاہوں کے تعلیم یافتہ ادیبوں اور شاعروں کا کردار ہے، وہیں مدارس کے فضلا نے بھی اردو ادب کی اہم خدمات انجام دی ہیں انھوں نے اس حوالے سے درجنوں ایسے علما کا ذکر کیا جنھوں نے اردو ادب میں اپنی تصانیف کے ذریعے قابل قدر اضافہ کیا ہے۔مولانا انیس اشرفی نے کہا کہ اردو کی پرورش اور اس کی نشوونما میں سب سے زیادہ حصہ علما کا ہے یا جن دوسرے لوگوں نے اس زبان کی خدمت کی ہے ان کا بھی کسی نہ کسی حوالے سے علما یا مدارس سے رابطہ رہا ہے۔