پٹنہ :کسانوں کے ’دہلی چلو مارچ‘ اور ’بھارت بند‘ کے دوران بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے وزیر اعظم مودی پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ’’آخر وزیر اعظم مودی کسانوں سے ملاقات کیوں نہیں کرتے؟ ان کے پاس پرینکا چوپڑہ سے ملنے کے لیے وقت ہے لیکن کسانوں سے نہیں ہے۔‘‘ تیجسوی یادو نے یہ باتیں کانگریس کی بھارت جوڑو نیائے یاترا میں کہیں۔
تیجسوی یادو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’کسانوں کو ایم ایس پی ملنی چاہیے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ’’2024 میں ہم بی جے پی اور نریندر مودی کو اقتدار سے بے دخل کر دیں گے۔ 17 مہینوں میں ہم نے بہار میں 5 لاکھ سرکاری نوکریاں دیں جبکہ نریندر مودی جھوٹ کی فیکٹری ہیں۔ اب تو انہیں بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دینا چاہیے۔‘‘ تیجسوی یادو نے کہا کہ ہم کسی سے نہیں ڈرتے۔ لالو یادو اور ان کا بیٹا کسی سے ڈرنے والا نہیں ہے۔