حیدرآباد:آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ وہ اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے۔ چاہے وہ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی ہی کیوں نہ ہوں ۔ اس دوران حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے دوسرے لوگوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ نہ تو پی ایم مودی سے ڈریں اور نہ ہی مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے۔ انہیں صرف اوپر والے سے ڈرنا چاہیے۔آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر ورکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے بدھ17 جنوری 2024 کو مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر 36 سیکنڈ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔اس دوران انہوں نے جو ویڈیو کلپ شیئر کیا اس میں وہ جلسہ عام کے دوران شاعرانہ انداز میں یہ کہتے ہوئے نظر آئے کہ ہم صرف اس سے ڈرتے ہیں جس نے زمین و آسمان بنائے (اللہ کے حوالے سے)۔ باقی کسی سے نہیں ڈرتے۔ میں جو کچھ بھی ہوں، گناہ گار، خطا کار، . میں کیا ہوں، میرا رب جانتا ہے، لیکن میں صرف اللہ سے ڈرتا ہوں اور میں یہ بھی بتانے آیا ہوں کہ نہ مودی سے ڈرو، نہ شاہ سے ڈرو، نہ حکومت سے ڈرو… کسی سے نہ ڈرو۔ صرف اللہ سے ڈرو۔