یک روزہ کرکٹ عالمی کپ 2023 کے دوران ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کے ڈرافٹ شیڈول میں یہ جانکاری دی گئی ہے۔ ای ایس پی این کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے ڈرافٹ شیڈول کو آئی سی سی کے ساتھ شیئر کیا ہے جس نے آئندہ ہفتہ کے شروع میں آخری شیڈول جاری ہونے سے پہلے اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے ممالک کو فیڈبیک کے لیے بھیجا۔
بی سی سی آئی کے ذریعہ تیار 2023 یک روزہ عالمی کپ کے ابتدائی مسودہ پروگرام کے مطابق انگلینڈ اور نیوزی لینڈ 5 اکتوبر کو ٹورنامنٹ کے پہلے مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گے۔ ہندوستان 8 اکتوبر کو چنئی میں آسٹریلیا کے خلاف اپنی مہم کی شروعات کرے گا۔ رپورٹ میں یہ بھی جانکاری دی گئی ہے کہ لیگ مرحلہ کے دوران ہندوستان کو 9 مقامات پر اپنے لیگ میچ کھیلنے ہیں جبکہ پاکستان کو پانچ مقامات پر کھیلنا ہے۔ حالانکہ ڈرافٹ شیڈیول میں سیمی فائنل کھیلے جانے والے میدان کی تفصیل نہیں دی گئی ہے، لیکن امید ہے کہ یہ 15 اور 16 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 19 نومبر کو احمد آباد میں ہوگا۔
ڈرافٹ شیڈول میں ہندوستان کا پروگرام کچھ اس طرح ہے:
ہندوستان بمقابلہ آسٹریلیا، 8 اکتوبر، چنئی
ہندوستان بمقابلہ افغانستان، 11 اکتوبر، دہلی
ہندوستان بمقابلہ پاکستان، 15 اکتوبر، احمد آباد
ہندوستان بمقابلہ بنگلہ دیش، 19 اکتوبر، پونے
ہندوستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، 22 اکتوبر، دھرمشالہ
ہندوستان بمقابلہ انگلینڈ، 29 اکتوبر، لکھنؤ
ہندوستان بمقابلہ کوالیفائر 1، 2 نومبر، ممبئی
ہندوستان بمقابلہ جنوبی افریقہ، 5 نومبر، کولکاتا
ہندوستان بمقابلہ کوالیفائر 2، 11 نومبر، بنگلورو