مدورائی: تمل ناڈو کے مدورائی ریلوے اسٹیشن پر ہفتہ کی صبح مسافر ٹرین کے کوچ میں آگ لگنے سے کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئےاورکم از کم 20 دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ ریلوے ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ لکھنؤسےرامیشورم جانے والی ٹرین میں پیش آیا۔ جنوبی ریلوے نے حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ تمام 10 متاثرین اتر پردیش کے رہنے والے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ جس کوچ میں آگ لگی اس میں کل 55 مسافر سوار تھے۔رپورٹ کے مطابق حادثہ ایل پی جی سلنڈر پھٹنے سے پیش آیاتاہم فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پالیا ہے۔اب تک 10 افراد کی موت کی خبرہے لیکن ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین نمبر 16730پنالور-مدورائی ایکسپریس کی کوچ صبح مدورائی ریلوے اسٹیشن پر پہنچی۔ جمعہ کو ناگرکوئل جنکشن پر پرائیویٹ نجی کوچ کو شامل کیا گیاتھا۔نجی کوچ کو الگ کر دیا گیا اور مدورائی اسٹیبلنگ لائن پر رکھا گیا۔
اطلاعات کے مطابق، حادثے کا شکار ہونے والے کوچ کے مسافروں نے 17 اگست کو لکھنؤ سے اپنا سفر شروع کیا تھا۔ وہ اتوار کو ٹرین نمبر 16824 کولم-چنئی-ایگمور-اننت پوری ایکسپریس کے ذریعے لکھنؤ جانا چاہتے تھے۔
جنوبی ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر بی گگنشن نے بتایا کہ تمل ناڈو میں ٹرین میں آگ لگنے کے واقعے میں 10 افراد ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہوئے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو دس دس لاکھ روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسافروں کے ڈبے میں گیس سلنڈر غیر قانونی طور پر لائے گئے تھے۔ جس کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔