نئی دہلی : آپ کو اگر اس مہینے (ستمبر) میں بینک برانچ جا کر کوئی کام کرنا ہے تو پہلے بینک کی چھٹیوں کی لسٹ کو ضرور دیکھ لیں کیونکہ اس مہینے بینک کی کُل 15 چھٹیاں لسٹ کی گئی ہیں۔ اس طرح پورے مہینے میں نصف مہینہ بینک بند رہیں گے اور آف لائن کام نہیں ہوگا۔ اس سلسلے میں مرکزی بینک آر بی آئی کی طرف سے ‘بینک ہالیڈے’ کی لسٹ جاری کی گئی ہے جس کے تحت 4 ستمبر بدھ کو شریمنتا شنکر دیوا کی تروبھو دن کے موقع پر بھی بینک بند رہیں گے۔
ستمبر مہینے میں بینکوں میں ہفتہ واری اور تہواروں کی چھٹیوں کی تعداد 15 ہے، حالانکہ ملک بھر میں سبھی جگہوں پر یہ چھٹیاں یکساں نہیں ہیں بلکہ کئی ایسی چھٹیاں ہیں جو کچھ ریاستوں تک ہی محدود ہیں۔ اس لئے صحیح جانکاری کے لیے آر بی آئی کی چھٹی کی لسٹ کو دیکھنا ضروری ہے۔ اس مہینہ بینکوں میں جس دن چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے وہ تاریخیں ہیں یکم ستمبر، 4 ستمبر، 7 ستمبر، 8 ستمبر، 14 ستمبر، 15 ستمبر، 16 ستمبر، 17ستمبر، 18 ستمبر، 20 ستمبر، 21 ستمبر، 22 ستمبر، 23 ستمبر، 28 ستمبر، 29 ستمبر۔
ریزرو بینک آف انڈیا ہر سال بینکوں کی چھٹیوں کی ایک لسٹ جاری کرتی ہے، اس لسٹ میں قومی اور علاقائی دونوں طرح کی چھٹیاں شامل ہوتی ہیں۔ قومی چھٹی وہ چھٹیاں ہیں جس دن پورے ملک میں سبھی بینک بند رہتے ہیں جبکہ علاقائی چھٹی وہ ہوتی ہے جو کسی خاص ریاست یا علاقے سے متعلق ہوتی ہے۔ ان دنوں صرف متعلقہ ریاست یا علاقے کے ہی بینک بند رہتے ہیں۔ ایک ریاست میں کسی دن بینک بند ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ دوسری ریاست میں بھی بینک بند ہوں گے۔ اس لیے قابل توجہ بات یہ ہے کہ اس مہینے بینکوں میں 15 دن کی چھٹی تو ہوگی لیکن پورے ملک میں بینک بند نہیں رہیں گے۔ ویسے بینکوں کے چھٹی کے دن صارفین آن لائن بینکنگ کے توسط سے اپنے ٹرانزیکشن اور دیگر بینکنگ کام کر سکتے ہیں۔