پٹنہ: ریاستی کابینہ نے 15 اضلاع میں 18 سڑکوں کو کشادہ اور مضبوط بنانے کے لیے 2330 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔ جوسڑکیں کشادہ اور مضبوط بنائی جائیںگی ،ان میںبہار شریف، پٹنہ، ویشالی، مغربی چمپارن، بیگوسرائے، مونگیر، اورنگ آباد، مدھوبنی، پورنیہ، گوپال گنج، چھپرا، دربھنگہ، کٹیہار، سیتامڑھی اور کشن گنج کی سڑکیں شامل ہیں ۔
اس اسکیم کے تحت 414.232 کلومیٹر سڑکوں کو کشادہ اور مضبوط بنایا جائے گا۔ کابینہ نے دریائے گنگا پر زیر تعمیر تاج پور-بختیار پور پل کے لیے وی جی ایف اسکیم کے تحت مرکزی حکومت سے 131 کروڑ روپے ملنے کی امید میں ریاستی حکومت کی جانب سے فنڈجاری کرنے کی تجویز کوبھی منظوری دے دی ہے۔ اس کے علاوہ نارکٹیا گنج-گونہا-منگرہا اور بھیتیہاروا آشرم اور رام پوروا اشوک استمبھ لنک پتھ کی 25.17 کلو میٹر سڑک کو چوڑی اور مضبوط بنانے کے لئے 74.42 کروڑ کی اسکیم کو منظوری دی گئی ہے۔
تریگنا یارڈ روڈ اوور برج کی تعمیر میں رسائی سڑک کے لیے زمین کے حصول کے لیے کل 60.12 کروڑ روپے کی رقم منظور کی گئی ہے۔ غیر سرکاری منظور شدہ امداد یافتہ سنسکرت اسکولوں اور مدرسوں کے کارکنوں کی قابل ادائیگی پانچویں ترمیمیتنخواہ کی تاریخ 12.4.1999کو بدل دیا گیا ہے۔اب یہ 1.3.1989 سےنافذالعمل ہو گا۔ مکھیہ منتری ناری شکتی یوجنا کے تحت، کابینہ نے پانچ ڈویژنل ہیڈکوارٹر پٹنہ، گیا، دربھنگہ، بھاگلپور اور مظفر پور میں ورکنگ ویمن ہاسٹلز کے آپریشن کے لیے پہلے سے منظور شدہ رقم میں اضافہ کیا ہے۔ اب ایسے ہاسٹلز کے قیام اور آپریشن کے لیے 93.38 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
کابینہ نے تین شہروں میں ڈرینج اسکیم کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے تحت مدھے پورہ کے لئے 72.32 کروڑ ، سمستی پور کے لئے 48.25 کروڑ اور اراڑہ کے لئے 77.81 کروڑ کی منظوری کے ساتھ طوفانی پانی کی نکاسی کے نظام کی اسکیم کو منظوری دی گئی ہے۔ بڈکو کو اس کے نفاذ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔