دہرہ دون: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے 19 جنوری کو اتراکھنڈ کے جوشی مٹھ-ملاری روڈ پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے 35 بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف کیا، جو 670 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائے گئے تھے۔ اس موقع پر موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے ملک کے سرحدی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے بی آر او کی ستائش کی اور اس بات پر زور دیا کہ سڑکیں، پل وغیرہ بنا کر بی آر او نہ صرف دور دراز کے دیہات میں رہائش پذیر لوگوں کو باقی ملک اور شہروں کے ساتھ جوڑ رہی ہے بلکہ لوگوں کے دلوں کو بھی جوڑ رہی ہے۔
راجناتھ سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے سرحدی علاقوں کی ترقی کے ویژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’دوسری حکومتوں نے سرحدی علاقوں کی ترقی پر توجہ نہیں دیں کیونکہ وہ ان علاقوں کو ملک کا آخری علاقہ سمجھتی تھیں۔ جبکہ ہم سرحدی علاقوں کو ہندوستان کا چہرہ سمجھتے ہیں، اسی لیے ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ان علاقوں میں عالمی معیار کا انفراسٹرکچر بنایا جائے۔راجناتھ سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے ہر سرحدی علاقے کو سڑکوں، پلوں اور سرنگوں کے ذریعے جوڑا جائے۔ انہوں نے اس کام کو نہ صرف اسٹریٹجک اہمیت کا حامل قرار دیا بلکہ ان خطوں میں رہنے والے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’سرحدوں کے قریب رہنے والے لوگ فوجیوں سے کم نہیں ہیں۔ اگر کوئی فوجی وردی پہن کر ملک کی حفاظت کرتا ہے تو سرحدی علاقوں کے رہنے والے لوگ اپنے طریقے سے مادر وطن کی خدمت کر رہے ہیں۔