نئی دہلی: سکم میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 65 ہو گئی ہے۔ سکم اسٹیٹ ڈیزاسٹر کنٹرول روم ایس ایس ڈی ایم اےاور جلپائی گوڑی پولیس نے بتایا کہ سکم سے 30 اور مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی سے 35 لاشیں برآمد کی گئیں۔ 81 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ 26 افراد زخمی ہیں جو مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
ایس ایس ڈی ایم اے کے مطابق ہفتہ کو سکم میں مزید چار لاشیں ملنے کے بعد سکم میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 30 ہو گئی۔ تاحال 81 افراد لاپتہ ہیں، تلاشی آپریشن جاری ہے۔ ہفتہ کو جاری کردہ تازہ ترین جانکاری میں ایس ایس ڈی ایم اےے کہا کہ چار اضلاع کے 86 علاقوں میں رہنے والے 41,870 افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ 1,507 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ اب تک 2,563 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ اس وقت ریاست میں کل 30 ریلیف کیمپوں میں 7,025 لوگ رہ رہے ہیں۔ سیلاب سے 13 پل گر گئے ہیں۔
اس سانحے میں جاں بحق ہونے والوں میں فوج کے نو جوان بھی شامل ہیں۔ معلوم ہوکہ، 3 اکتوبر کو 23 فوجی لاپتہ ہو گئے تھے اور ان میں سے ایک کو بچا لیا گیا تھا۔ فوج کی جانب سے دیگر لاپتہ فوجیوں کی تلاش کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے۔ اس میں خصوصی ریڈار، ڈرون اور فوج کے کتے لگائے گئے ہیں۔