غزہ سٹی : اسرائیل نے منگل کی رات غزہ کے ایک ہاسپٹل میں زبردست بمباری کردی جس میں کم از کم 500 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حماس کے زیر کنٹرول وزارت صحت نے بتایا کہ وسطیٰ غزہ میں العہلی عرب ہاسپٹل پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 500 افراد ہلاک ہوئے۔امریکہ میں قائم میڈ گلوبل ہیومینٹیرین آرگنائزیشن کے رہائشی ظہیر سہلول نے العہلی عرب ہاسپٹل پر بڑے پیمانے پر ہلاکتوں والے اسرائیلی حملے کو 21 ویں صدی میں طبی مرکز پر بدترین حملہ قرار دیا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے خلاف 2008 ء کے بعد سے یہ بدترین نوعیت کا جنگی جرم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹلس پر بمباری بین الاقوامی قانون کے خلاف ہے۔ یہ ایک جنگی جرم ہے۔ یہ طبی غیرجانبداری اور 150 سال پرانے جنیوا کنونشنز کو نقصان پہنچاتا ہے، اور مصیبت زدہ مقامی فلسطینی کمیونٹی کو صحت کی دیکھ بھال تک رسائی سے محروم کرتا ہے۔ اسرائیل نے یہ حملہ ایسے وقت کیا جبکہ چند گھنٹوں بعد چہارشنبہ کو کسی وقت امریکی صدر جوبائیڈن کا دورہ اسرائیل ممکن ہوسکتا ہے (متعلقہ خبر صفحہ 4 پر)۔ اسرائیل نہ صرف عرب دنیا بلکہ کسی کو بھی خاطر میں نہیں لارہا ہے ۔