شملہ: ہماچل پردیش میں گزشتہ تین دنوں میں بارشوں کے باعث 71 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ 13 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شملہ میں سمر ہل کے قریب شیو مندر کے ملبے سے ایک اور خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔دریں اثنا، وزیر اعلیٰ سکھو نے کہا کہ ہماچل میں شدید بارشوں سے تباہ ہونے والے انفراسٹرکچر کی مرمت میں ایک سال کا وقت لگے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تقریباً 10000 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ایک بڑا چیلنج ہے۔
کئی علاقوں میں حالات خراب ہیں۔ کرشنا نگر میں تقریباً 15 مکانات کو خالی کرا لیا گیا ہے اور خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے اندیشے کے پیش نظر کئی لوگوں نے اپنے طور پر گھر خالی کر دئے ہیں۔
موسلادھار بارش کے پیش نظر محکمہ تعلیم نے بدھ کو ریاست کے تمام اسکولوں اور کالجوں کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ ہماچل یونیورسٹی نے 19 اگست تک تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔