راجستھان کے جھنجھنو میں زوردار بارودی دھماکہ کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جھنجھنو کے ادے پورواٹی میں موجود ایک مدرسہ کے پاس بدھ کی صبح ایک تیز دھماکہ ہوا جس نے علاقے کو دہلا دیا۔ یہ دھماکہ مدرسہ کے پاس ایک گھر میں ہوا جس کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون کی لاش دوسرے گھر کی چھت پر تقریباً 25 فیٹ دور جا گری۔ دھماکہ کی آواز سنتے ہی لوگ اپنے گھروں سے باہر نکلے اور جائے حادثہ پر بھیڑ جمع ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ پٹاخہ بنانے والی ایک فیملی کے گھر میں ہوا تھا جس میں 27 سالہ آفرین کی موت ہو گئی۔
موصولہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ مرحوم لالہ خاں کے گھر میں تقریباً پانچ سے سات کنبے ایک ہی مکان میں رہتے ہیں۔ تقریباً 8 بجے صبح جب یہ دھماکہ ہوا تو سبھی اپنے اپنے کاموں میں مصروف تھے۔ اچانک آفرین کے کمرے میں زوردار دھماکہ ہوا اور اس کی لاش کمرے کی چھت توڑ کر دوسرے مکان کی چھت پر جا گری۔ دھماکہ اتنا تیز تھا کہ آفرین کی لاش کے چیتھڑے ہو گئے۔ اس حادثہ کی خبر ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو مردہ خانہ میں رکھوا دیا۔
میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق آفرین اپنے شوہر اور دو بیٹوں کے ساتھ اس گھر میں رہتی تھی۔ آفرین کا شوہر سانپ پکڑنے کا کام کرتا تھا اور اس کے ساتھ شادی تقاریب میں ریڈیمیڈ پٹاخوں کو چلا کر اپنے گھر کو چلاتا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ کوئی پہلی بار نہیں ہے جب اس گھر میں دھماکے سے کسی کی موت ہوئی ہے۔ آج سے 20 سال قبل بھی اس گھر میں ایک دھماکہ ہوا تھا جس میں کنبہ کے 5 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ 20 سال قبل دسہرا سے پہلے اس فیملی کو راوَن کا پتلا بنانے کا کام ملا تھا۔ پوری فیملی راوَن بنانے کا کام کر رہی تھی تبھی دھماکہ ہوا اور پورا مکان گر گیا جس میں پانچ لوگوں کی موت ہو گئی۔