امریکی کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ لاپتہ آبدوز کی تلاش کے دوران ٹائٹینک جہاز کے قریب سے اس کا ملبہ ملا ہے۔بحر اوقیانوس میں لاپتہ ٹائٹن آبدوز کے پائلٹ اور مسافروں کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ہلاک ہو چکے ہیں۔ نیوز پورٹل ’اے بی پی ‘ پر شائع خبر کے مطابق تلاشی مہم میں مصروف کمپنی نے جمعرات یعنی 22 جون کو یہ بات کہی۔ اس سے قبل امریکی کوسٹ گارڈ کا کہنا تھا کہ لاپتہ آبدوز کی تلاش کے دوران ٹائٹینک جہاز کے قریب سے ملبہ ملا ہے۔
لاپتہ آبدوز کی آپریٹنگ کمپنی اوشنگیٹ (Oceangate)نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ آبدوز میں سوار تمام مسافر المناک طور پر گم ہو گئے ہیں۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ہماری ہمدردیاں ان پانچوں مسافروں کے اہل خانہ کے ہر فرد کے ساتھ ہیں۔ ہم اس حادثے پر تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
آبدوز ٹائی ٹینک جہاز کا ملبہ دکھانے کے لیے اتوار یعنی 18 جون کی صبح بحر اوقیانوس میں آٹھ گھنٹے کے سفر پر روانہ ہوئی۔ ٹائٹینک کا ملبہ کیپ کوڈ سے تقریباً 1,450 کلومیٹر مشرق میں اور سینٹ جانز، نیو فاؤنڈ لینڈ سے 644 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔
برطانوی پاکستانی ارب پتی شہزادہ داؤد (اینگلو کارپوریشن کے وائس چیئرمین) اور ان کا بیٹا سلیمان، برطانوی ارب پتی ہمیش ہارڈنگ، فرانسیسی سیاح پال ہنری نرگیولیٹ اور اوشین گیٹ کے سی ای او اسٹاکٹن رش آبدوز پر سوار تھے۔