نئی دہلی: وزیر اعلی اروند کیجریوال نے شدید بارش کی وجہ سے دہلی میں اسکولی بچوں کی حفاظت کے پیش نظر پیر کو تمام اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ پیر کو اسکولوں میں تمام کلاسز بند رہیں گی لیکن اساتذہ کو چھٹی نہیں دی گئی اور انہیں اسکول جانا پڑے گا۔ اروند کیجریوال نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ "گزشتہ دو دنوں سے دہلی میں ہو رہی موسلادھار بارش کے پیش نظر اور محکمہ موسمیات کی وارننگ کو مدنظر رکھتے ہوئے دہلی کے تمام اسکول کل ایک دن کے لیے بند رکھے جا رہے ہیں۔
قبل ازیں وزیر تعلیم آتشی نے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کو ہدایت دی کہ وہ اسکولی بچوں کی حفاظت کے پیش نظر اپنے تمام اسکولوں کا فزیکل معائنہ کرے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ دہلی میں پچھلے کچھ دنوں سے ہو رہی مسلسل بارش نے ایک غیر معمولی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ دہلی میں گزشتہ 40 سالوں میں پہلی بار اتنی بارش ہوئی ہے۔ ایسے میں اسکولی بچوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے دہلی حکومت کے تمام اسکولوں کا فزیکل معائنہ کیا جا رہا ہے۔
محکمہ کو اپنی ہدایات میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے شہر میں مسلسل موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ ایسے میں تمام ریجنل ڈائریکٹر ایجوکیشن، ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن، ڈسٹرکٹ زون، پرنسپل اور وائس پرنسپل آج سے ہی اپنے ماتحت تمام سرکاری اسکولوں کا فزیکل معائنہ کریں۔ دارالحکومت میں موسلادھار بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی جمع ہے اور ٹریفک جام ہے جب کہ کچھ علاقوں میں نظام زندگی مکمل طور پر درہم برہم ہے۔