نئی دہلی :سپریم کورٹ نے آج (یکم اگست) ایک تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے درج فہرست ذات (ایس سی) اور درج فہرست قبائل (ایس ٹی) زمرہ کے اندر ذیلی درجہ بندی کی اجازت دے دی ہے۔ ایس سی اور ایس ٹی کے اندر ذیلی درجہ بندی کے جواز سے متعلق معاملے پر سماعت کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے جمعرات کو یہ فیصلہ سنایا۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی صدارت والی 7 ججوں کی آئینی بنچ نے یہ انتہائی اہم اور تاریخی فیصلہ صادر کیا۔
قابل ذکر ہے کہ 7 ججوں کی اس آئینی بنچ میں چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کے علاوہ جسٹس بی آر گوئی، وکرم ناتھ، جسٹس بیلا ایم ترویدی، جسٹس پنکج متھل، جسٹس منوج مشرا اور جسٹس ستیش چندر شرما شامل ہیں۔ اس بنچ نے طے کیا ہے کہ درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل زمرہ کے لیے ذیلی درجہ بندی کی جا سکتی ہے۔ چیف جسٹس نے یہ فیصلہ سناتے ہوئے یہ بھی واضح کیا کہ 6 ججوں کی رائے ذیلی درجہ بندی کے حق میں تھی، جبکہ ایک جج نے اس سے اتفاق نہیں کیا۔ جسٹس بیلا ایم ترویدی وہ نام ہے جنھوں نے عدم اتفاق ظاہر کیا ہے۔