نئی دہلی : راجیہ سبھا کی 12 خالی سیٹوں پر انتخاب کا اعلان الیکشن کمیشن کے ذریعہ آج کر دیا گیا۔ دی گئی جانکاری کے مطابق سبھی سیٹوں کے لیے ووٹنگ 3 ستمبر کو ہوگی اور 6 ستمبر سے قبل سبھی انتخابی عمل مکمل کر لیے جائیں گے۔ اس انتخاب سے متعلق نوٹیفکیشن 14 اگست کو جاری کیا جائے گا، 21 اگست کو پرچۂ نامزدگی داخل کیا جائے گا اور پھر 22 اگست کو اسکروٹنی ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے ذریعہ جاری پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ 26 اگست تک آسام، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر اور تریپورہ سے راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے داخل پرچۂ نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے۔ علاوہ ازیں بہار، ہریانہ، تلنگانہ، اڈیشہ اور راجستھان سے راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے داخل پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 27 اگست ہوگی۔ کمیشن نے بتایا ہے کہ 3 ستمبر کی صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ بعد ازاں ایک گھنٹے میں ووٹ شماری کا عمل انجام پا جائے گا۔