نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویراٹ کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میچوں سے اپنا نام واپس لینے پر لوگوں نے بہت سی قیاس آرائیاں کی تھیں۔ کسی نے بتایا کہ ویراٹ کی والدہ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے تو کسی نے بتایا کہ ان کی اہلیہ انوشکا شرما حاملہ ہیں۔ تاہم ویراٹ نے انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچ نہ کھیلنے کے راز سے ویراٹ کے خاص دوست اے بی ڈویلیئرز نے پردہ اٹھایا ہے۔
جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر اے بی ڈویلیئرز نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا ہے کہ ویراٹ کوہلی دوسری بار باپ بننے جا رہے ہیں اس لیے وہ اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں۔ اس سے قبل سوشل میڈیا پر یہ افواہ پھیلائی گئی تھی کہ ویراٹ کوہلی کی والدہ کی طبیعت ناساز ہے اس لیے انہوں نے کرکٹ سے بریک لے لی ہے۔ ویراٹ کوہلی کے بڑے بھائی وکاس کوہلی نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کرکے ان خبروں کی تردید کی تھی کہ ان کی والدہ سروج کوہلی بیمار ہیں۔ وکاس نے میڈیا سے درخواست کی تھی کہ وہ ایسی جعلی خبریں نہ پھیلائیں۔