چنڈی گڑھ: انڈین نیشنل لوک دل کے ریاستی صدر اور سابق رکن اسمبلی نفے سنگھ راٹھی کو ہریانہ کے بہادر گڑھ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ حملہ آوروں نے جس وقت نفے سنگھ پر فائرنگ کی، وہ اپنی گاڑی میں موجود تھے۔ واقعہ میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن کا اسپتال میں علاج جاری ہے، جبکہ سابق رکن اسمبلی کے ایک محافظ کی بھی موت ہو گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کم از کم 40-50 راؤنڈ فائر کیے گئے ہیں۔
انڈین نیشنل لوک دل کے ترجمان نے کہا کہ نفے سنگھ راٹھی کو مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔ پارٹی کے ترجمان امن دیپ نے کہا کہ حکومت سے ان کے لیے سیکورٹی مانگی جا رہی تھی لیکن سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ سابق رکن اسمبلی نفے سنگھ راٹھی کو ماضی میں بھی کئی بار حملوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جھجر کے ایس پی ارپت جین نے بتایا کہ پولیس کو فائرنگ کی اطلاع ملی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی اے اور ایس ٹی ایف کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔