نئی دہلی : کناڈا کے ساتھ کشیدگی کے درمیان شیرومنی اکالی دل کے صدر اور رکن پارلیمنٹ سکھبیر سنگھ بادل نے جمعرات کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ اس سے پہلے بادل نے کہا تھا کہ سکھوں کو دہشت گردی سے جوڑ کر غلط تاثر پیدا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کناڈا اور ہندوستان کے مابین بڑھتی کشیدگی کے درمیان پنجاب میں لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ بادل نے کہا تھا کہ’’بہت سے پنجابی کناڈا میں آباد ہیں۔ پنجاب میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ اس لئے ہندوستان اور کناڈا کی حکومتوں کو اس مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہئے ۔
دوسری طرف دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر ہندوستان نے جمعرات کو کناڈا کے لئے اپنی ویزا خدمات ‘اگلے اطلاع تک معطل کر دی ہیں۔ ایک نجی ایجنسی جو کناڈا کے شہریوں کے لئے ویزا درخواستوں کی ابتدائی اسکریننگ کا کام کرتی ہے، نے اپنی ویب سائٹ پر ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی ویزا خدمات ‘اگلے اطلاع تک معطل کر دی گئی ہیں۔
جون میں خالصتانی علاحدگی پسند لیڈر ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ہندوستانی ایجنٹوں کے ‘ممکنہ ملوث ہونے کے کناڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے الزامات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ ہندوستان نے منگل کے روز ان الزامات کو "مضحکہ خیز” بتا کر مسترد کر دیا تھا اور اس معاملہ میں کناڈا کے ذریعہ ایک ہندوستانی اہلکار کو ملک بدر کئے جانے کے بدلے کناڈا کے ایک سینئر سفارت کار کو معطل کردیا تھا۔
ہندوستان نے بدھ کے روز سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کناڈا میں بڑھتی ہندوستان مخالف سرگرمیوں اور سیاسی طور پر حمایت یافتہ نفرت آمیز جرائم اور مجرمانہ تشدد کے پیش نظر وہاں رہ رہے اپنے شہریوں اور وہاں کے سفر کا منصوبہ بنا رہے اپنے شہریوں کو "انتہائی احتیاط” برتنے کی ایڈوائزری جاری کی ہے۔